بھٹکل:16/ستمبر (ایس اؤنیوز)مہلوک رام چندر نائک کے خاندان کو مناسب معاوضہ ادا کرنے کے سلسلے میں ہفتہ کے اندر ریاستی حکومت کو پیش کش ارسال کئے جانے کی ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے جانکاری دی ۔
سنیچر کو ساحل آن لائن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نکول نے معاوضہ کے متعلق کہاکہ معاوضہ کی ادائیگی کا معاملہ ہمارے اختیار میں نہیں ہے، سرکاری سطح پر اس کا فیصلہ ہوناہے ، جمعرات کو اچانک جو کچھ ہوا ، اس کا ہمیں دکھ ہے، دکانداروں کو 5-6دن کا موقع دیا گیا ہے ، قانونی حدود میں دکانداروں کو اپنا حق حاصل کرنے کا موقع ہے تو اس کے دستاویزات لانے کو کہا گیا ہے۔ دکانداروں کا ہر طرح سے تعاون کئے جانے کی بات کہی۔
بھٹکل میں بھاری پولس تعیناتی کے متعلق انہوں نے بتایا کہ پولس کی بھاری تعداد تعینات کا مطلب حالات کی کشیدگی نہیں بلکہ امن وامان کو بحال رکھنے کے لئے پیشگی اقدامات ہیں، کسی کو خوف یا ڈرنے کی ضرور ت نہیں ہے۔ امن میں خلل ڈالنےوالوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ جہاں تک بلدیہ ملازمین کی دفتر حاضری کاسوال ہے بھٹکل اے سی نے انہیں سمجھایا ہے ، وہ سرکاری عملے میں شمار ہوتے ہیں، انہیں بھی ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، جمعہ کی شام سے ہی کام پر لوٹے ہیں،مزدور اور عملہ بھی انسان ہیں انسانی طورپر ڈر و خوف کے مارے کام سے دور ہیں آئندہ ایک دو دنوں میں معاملے کو سلجھانے کی بات کہی۔ بلدیہ دفتر پر ہوئے پتھراؤ کے متعلق کیس درج ہوچکے ہیں، پولس جانچ کررہی ہے ، ملزمان کے خلاف جانچ کے بعد قانونی طورپر کارروائی کرنے کی بات کہی۔ اسی طرح بلدیہ چیف آفیسر سے بھی کھینچا تانی کی بات کہی جارہی ہے ، ان کے آنے کے بعد شکایت لے کر آئندہ قدم اٹھانے کا عندیہ دیا۔